اسلام آباد ہائیکورٹ میں اکرم درانی ودیگر کی ضمانت میں 21نومبر تک توسیع

اسلام آباد ہائی کورٹ نے خیبر پختونخوا اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور اپوزیشن جماعتوں کی رہبر کمیٹی کے کنوینئر اکرم خان درانی، ان کے صاحبزادے رکن قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی، داماد اور پرسنل سیکرٹری کی ضمانت قبل ازوقت گرفتاری میں 21نومبر تک توسیع کر دی۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل دو رکنی بینچ نے اکرام درانی اور دیگر کی تین نیب انکوائریز میںضمانت قبل ازگرفتاری ک لئے دائر درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت اکرم درانی اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی ہمیں جواب داخل کرنے کے لئے وقت دیا جائے۔ اس پر عدالت نے استفسار کیا کہ کتنا وقت درکار ہے۔ اس پر نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا جواب داخل کروانے کے لئے دو ہفتے کا وقت درکار ہے۔ عدالت نے اکرام درانی اور دیگر کی ضما نت قبل ازگرفتاری میں 21نومبر تک توسیع کرتے ہوئے مزید سماعت ملتوی کردی۔