مولانا کا جلسے کی حد تک ساتھ دیا،کارکن مشورہ دیں، کیا ہمیں بھی دھرنے میں شامل ہونا چاہیے؟ بلاول بھٹو

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کو نااہل اور جعلی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام سیاسی مخالفین کو گرفتار کیا گیا ہے اور کوشش کی جار ہی ہے کہ پیپلز پارٹی دباؤ کی وجہ سے جمہوریت پر سمجھوتہ کرے۔اوچ شریف میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جب سے یہ حکومت آئی ہے عوام کے جمہوری اور معاشی حقوق پر حملے ہوئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ آج ایک سال بعد پورا پاکستان مان رہا ہے کہ ہمارا وزیراعظم عوامی نمائندہ نہیں ہے، ہمارا وزیراعظم منتخب وزیراعظم نہیں ہے، ہمارا وزیراعظم کتھ پتلی اور سلیکٹڈ وزیراعظم ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سب نے دیکھا کہ کس طریقے سے 2018 کے الیکشن میں دھاندلی کی گئی، آپ کے ووٹ پر ڈاکا ڈالا گیا اور ووٹ کو چوری کیا گیا، رات کے اندھیرے میں ملک بھر میں پولنگ اسٹیشن سے پولنگ ایجنٹس کو نکال باہر کردیا گیا۔جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس طریقے سے آر ٹی آئی سسٹم کو فیل کروادیا گیا اور آپ کے جیتے ہوئے نمائندے علی حیدر گیلانی کو ہروایا گیا اور آپ کا حق چھین کر پی ٹی آئی کو جیت دی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ جب سے یہ جعلی حکومت بنی ہے اور کٹھ پتلی اور دھاندلی زدہ حکومت آئی ہے وہ عوام کی آواز دبانے کی کوشش کر رہی ہے، پہلے دن سے انہوں نے میڈیا پر پابندی لگانا شروع کردیا ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ میڈیا کو بھی سلیکٹڈ میڈیا میں تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ عوام کے مسائل پر بات نہ ہو اور میڈیا ان کو بے نقاب نہ کر سکے۔ان کا کہنا تھا کہ ‘اندازہ کریں کہ کس قسم کا آزاد میڈیا ہے جس میں را ایجنٹ کلبھوشن اور بھارتی ائیرفورس کے پائلٹ اور دہشت گردوں کا انٹرویو چل سکتا ہے مگر اس ملک کے سابق صدر آصف علی زرداری کا بیان نہیں چل سکتا، مولانا فضل الرحمٰن کی پریس کانفرنس نہیں چل سکتی اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی گفتگو نہیں چل سکتی’۔بلاول بھٹو نے کہا کہ ‘یہ آزادمیڈیا نہیں ہے، یہ سلیکٹڈ میڈیا ہےاور سلیکٹڈ میڈیا میں عوام کے مسائل سامنے نہیں آتے، اگر عوام کے مسائل سامنے نہیں آئیں گے تو ان کا حل کیسے نکالیں گے’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘انہوں نے ہر ہتھکنڈا استعمال کرنے کی کوشش کی گئی تاکہ وہ عوام کی آواز کو دبا سکیں، ہر سیاسی مخالف کو گرفتار کیا گیا، نواز شریف اور ان کی بیٹی کو گرفتار کیا گیا، زرداری کو گرفتار کیا گیا جبکہ ان پر کوئی مقدمہ نہیں ہے اور انہیں سزا بھی نہیں سنائی گئی’۔سابق صدر آصف زرداری کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘طبی سہولیات نہیں دی جارہی ہے، دباؤ میں ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کے حقوق پر سمجھوتہ کریں، پاکستان پیپلزپارٹی دباؤ کی وجہ سے جمہوریت پر سمجھوتہ کرے، یہ ان کی بھول ہے’۔