ٹھیک ہوتے ہی کال دوں گا اور پھر سڑکوں پر نکلوں گا، تین لوگوں کے استعفے تک ملک گیر احتجاج جاری رہے گا، عمران خان
اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے کے بعد پہلے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ان لوگوں نے وزیر آباد یا گجرات میں مجھے توہین رسالت کے الزام پر سلمان تاثیر کی طرح قتل کرنے کا منصوبہ بنایا مگر اللہ نے محفوظ رکھا، ٹھیک ہوتے ہی دوبارہ لانگ مارچ کی کال دوں گا البتہ تین لوگوں کا استعفیٰ آنے تک ملک گیر احتجاج جاری رہے گا۔اپنے ویڈیو خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ مجھے 4 گولیاں لگی ہیں، جو حملہ کیا گیا اس کی تفصیلات بعد میں بتاؤں گا، ملک میں اسٹیبلشمنٹ کو عادت ہوگئی تھی کہ سازش کے تحت تبدیلی لائی جائے لیکن اس مرتبہ قوم نے ان کا ساتھ دینے سے انکار کردیا۔انہوں نے مزید کہا کہ داخلی اور خارجی سازش ہوتی ہے اور وہ نیوٹرل ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں، نیوٹرل کا کوئی بھی مطلب لیں، انہیں معلوم تھا سازش ہو رہی تھی لیکن راستہ نہیں روکا۔پی ٹی آئی چیئرمین نے کارکنان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک یہ تین لوگ اپنے عہدوں سے مستفی نہیں ہوتے تب تک ملک گیر احتجاج جاری رہے گا اور پھر میں سڑک پر آتے ہی دوبارہ اسلام آباد کی کال دوں گا۔