لاہور میں تحریک انصاف کے جلسے کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات

تحریک انصاف ڈونگی گراؤنڈ سمن آباد میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی،جلسے کیلئے سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں ،تین ہزار سے زائد پولیس اہلکار سکیورٹی کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ دو ایس پیز، چھ ڈی ایس پیز، تیرہ ایس ایچ اوز اور سادہ لباس میں ملبوس پولیس اور حساس اداروں کے جوان بھی ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ جگہ جگہ ماہر نشانہ بازوں کو تعینات کیا گیا۔ گراﺅنڈ کے چاروں اطراف راستوں کو خار دار تاریں اور بیریئر لگا کر بند کردیا گیا ہے۔ جلسہ گاہ میں داخلے کیلئے واک تھرو گیٹس نصب کیے گئے ہیں۔ اردگر د سرچ آپریشنز بھی کیے گئے جس میں بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے نے بھی حصہ لیا۔ دوسری طرف ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لیے ٹریفک وارڈنز کی بھی ڈیوٹیاں لگا ئی گئی ہیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے رینجرز کو بھی ہائی الرٹ رکھا گیا ہے۔