عالمی برادری بھارتی فوج کی نہتے شہریوں پر فائرنگ کا نوٹس لے۔ راجہ محمد فاروق حیدر خان
آزادجموں وکشمیرکے وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے ضلع حویلی کے گاوں چفاڑ میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے دو بچوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار ہے ۔وزیر اعظم نے چڑی کوٹ سیکٹر پر بھارتی فوج کی جانب سے سول آبادی اور خاص طور پر بچوں کو نشانہ بنانے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی فوج کی نہتے شہریوں پر فائرنگ کا نوٹس لے ۔وزیراعظم نے سول انتطامیہ کو ہدایت کی کہ وہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرے اور اس سلسلے میں کوئی کمی کوتاہی نہیں ہونی چاہیے ۔انہوں نے شہید بچوں کے ورثاء کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ۔ دریں اثنا وزیر اطلاعات راجہ مشتاق احمد منہاس نے ضلع حویلی کے گاوں چفاڑ میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے دو بچوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔غمزدہ خاندان کے نام تعزیتی پیغام میں وزیر اطلاعات نے کہاکہ ان معصوم بچوں کی شہادت سے ہر دل غمزدہ ہے جنہوں نے اپنے خون سے تحریک آزادی کشمیر میں رنگ بھر دئیے ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی پسماندگان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے ۔