سیاسی جماعتیں کاغذات نامزدگی میں پرانے حلف نامے کی بحالی کیلئے ترمیم پر متفق ہو گئیں۔
الیکشن بل 2017 کی منظوری کے دوران ارکان اسمبلی کے حلف نامہ میں کلیریکل غلطی کا معاملہ حل ہو گیا،،، سیاسی جماعتوں نے کاغذات نامزدگی میں پرانے حلف نامے کی بحالی کیلیے ترمیم پر اتفاق کرلیا۔ پارلیمانی لیڈز کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق کا کہنا تھا کہ الیکشن ایکٹ 2017 میں ترمیم کے وقت ختم نبوت سے متعلق حلف نامے کے الفاظ میں غلطی ہوئی، غلطی کودرست کرنا کوئی بری بات نہیں، اتفاق ہوگیا ہے کہ حلف نامے کو اصل شکل میں بحال کیا جائے۔ وزیر قانون زاہد حامد کا کہنا تھا کہ وہ تمام جماعتوں کے مشکور ہہیں جنہوں نے معاملے پر اتفاق کیا۔تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی حساس ، جذباتی اور اہم مسئلہ ہے، الیکشن بل میں ترمیم کرکے حلف نامے کو اصل حالت میں بحال کیا جائے گا۔ تجویز دی ہے کہ شق 203 پر بھی نظرثانی کی جائے۔ اس سے پہلے پارلیمنٹ ہاؤس میں اسپیکرقومی اسمبلی سردارایاز صادق کی زیرصدارت پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں شیخ صلاح الدین، اکرم درانی، شاہ محمود قریشی، مولانا امیرزمان اور دیگر پارلیمانی لیڈر شریک ہوئے۔ الیکشن بل میں امیدواروں کے حلف نامے میں الفاظ کی تبدیلی سے پیدا صورتحال پر غور کیا گیا، اجلاس میں سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈران نے فیصلہ کیا کہ کاغذات نامزدگی میں حلف نامے کو اس کی اصل شکل میں لایا جائے گا۔