لٹیروں نے سارا مال ہضم کرلیا ہے، خزانہ خالی ہے۔ منصوبے مکمل نہ ہوئے ان کی مشینری باہر پڑی ہیں۔صوبائی وزیر علیم خان
وزیر بلدیات علیم خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قبضے کا الزام لگایا جاتا ہے، ایک بھی ایف آئی آر درج کروائی گئی؟ کسی ایک زمین کی نشاندہی کی گئی جس پر قبضے کا الزام ہو۔انہوں نے کہا کہ 10 سال کے دوران کتنی زمینوں پر قبضے کی نشاندہی کی گئی، 10 سال حکومت کے بعد الزام لگائے جا رہے ہیں، شرم آنی چاہئے۔ ’کوئی بھی ایف آئی آر میرے خلاف ہے تو سامنے لائی جائے‘۔
علیم خان نے کہا کہ شہزاد وسیم کی پارٹی کےلئے بہت خدمات ہیں۔ ہمارے پاس جو بھی اختیارات ہیں وہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے دیئے ہیں۔ رانا مشہود سے متعلق گفتگو کر تے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ رانا مشہود کو اب دن میں بھی تارے نظر آنے لگ گئے ہیں، لٹیروں نے سارا مال ہضم کرلیا ہے، خزانہ خالی ہے۔ مظلوم بننے والوں سے پوچھناچاہئے کہ عوام کی فلاح کا پیسہ کہاں گیا۔ منصوبے مکمل نہ ہوئے ان کی مشینری باہر پڑی ہیں ’آئندہ ہفتے سے ہر محکمہ بتائے گا کس طریقے سے مال لوٹا گیا‘۔
علیم خان کا کہنا تھا کہ ملک کے جو بھی حالات ہیں وزیر اعظم ملک کے سامنے لے کر آئیں گے، وزیر اعظم بتائیں گے کس طرح سے ہمیں مشکل فیصلے کرنے پڑ رہے ہیں۔