سمندری طوفان شاہین: ابوظبی نےموسمی الرٹ جاری کردیا۔
امارت ابوظبی نے سمندری طوفان شاہین کی صورت حال پر موسمی الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس سے اتوار سے منگل تک امارت متاثر ہوگی اور لوگ کسی بھی ناگہانی صورت حال سے بچنے کے لیے کمال احتیاط کا مظاہرہ کریں۔ ابوظبی کے میڈیا آفس نے اتوار کے روز ٹویٹر پر پوسٹ کیے گئے بیان میں خبردارکیا ہے کہسمندری طوفان شاہین اتوار 3 اکتوبر سے منگل 5 اکتوبر تک امارت میں موسمی تغیّرات کا سبب بنے گا۔اس کے نتیجے میں طوفانی بارش ہوگی، تیزرفتار ہوائیں چلیں گے،روشنی مدھم پڑ جائے گی اور سیلاب آسکتا ہے۔ حکام نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ مزید احتیاط سے گاڑی چلائیں اور جب حدِ نگاہ کم ہو تو رفتار کم کردیں، سمندری سرگرمیوں سے گریزکریں، وادیوں اورموسلا دار بارش کے علاقوں میں جانے سے گریز کریں اورموسم کی پیشین گوئی پرعمل کریں۔وہ صرف حکام کی ہدایات پرعمل کریں اورسرکاری ذرائع سے معلومات حاصل کریں۔ یواے ای کی نیشنل ایمرجنسی کرائسس اینڈ ڈیزاسٹرز مینجمنٹ اتھارٹی (این سیما) نے بھی ایک بیان میں کہا ہے کہ اس سمندری طوفان سے العین اور متحدہ عرب امارات کے کچھ دیگر علاقے یعنی ملک کے شمال مشرق اور جنوب میں کچھ وسطی اندرونی علاقے متاثرہونے کا امکان ہے۔ اتھارٹی نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ آج سے متحدہ عرب امارات کے کچھ علاقے بالخصوص شمال مشرقی علاقے،العین اوردوسرے جنوبی علاقے سمندری طوفان کی صورت حال سے متاثرہوں گے ۔ان کے علاوہ بعض وسطی اندرونی علاقوں میں متغیر بادل چھا سکتے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ مختلف شدت کی بارش بھی ہوسکتی ہے۔ اس اعلان میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بحیرہ عُمان کی حالت بہت طلاطم خیز تھی جس کی وجہ سے اس کا مشرقی ساحل(عمان) خصوصاً نشیبی علاقے سمندری پانی میں ڈوب گئے اور خلیج عرب بعض اوقات شمال میں طلاطم خیز ہو جاتا ہے۔