الجزائر نے اپنی فضائی حدود فرانسیسی فوجی طیاروں کے لیے بند کر دی

الجزائر نے اپنی فضائی حدود فرانسیسی فوجی طیاروں کے لیے بند کر دیں۔ دوسری طرف فرانسیسی فوج نے اس پیش رفت کی تصدیق کی ہے۔ فرانسیسی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا کہ الجزائر نے اپنی فضائی حدود فرانسیسی فوجی طیاروں کے لیے بند کر دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری دو پہلے سے طے شدہ پروازیں تھیں جنہیں ہمیں ملتوی کرنا پڑا لیکن ساحل میں ہمارے آپریشن پر کوئی بڑا اثر نہیں پڑے گا۔ یہ فیصلہ فرانسیسی صدر عمانویل میکروں سے منسوب ایک متنازعہ بیان کے بعد آیا ہے جسے الجزائر نے اپنے اندرونی معاملات میں مداخلت قرار دیا ہے۔ الجزائر جمہوریہ کی ایوان صدر نے ایک بیان میں کہا ہے فرانسیسی صدر سے منسوب بے بنیاد بیانات کوالجزائر اپنے اندرونی معاملات میں کھلی مداخلت قرار دیتے ہوئے پر واضح طور پر مسترد کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ان غیر ذمہ دارانہ بیانات کے بعد صدر جمہوریہ عبدالمجید تبون نے فیصلہ کیا کہ فرانس میں الجزائر کے سفیر کو مشاورت کے لیے فوری طور پر طلب کیا جائے۔ مقامی ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی تھی کہ سفیر کو طلب کرنے کا فیصلہ فرانسیسی پریس کی جانب سے میکروں کے بارے میں بیانات کے بعد کیا گیا۔ خیال رہے کہ فرانسیسی صدر پرالزام ہے کہ انہوں نے الجزائر کی مسلح افواج اورریاست کے اداروں کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ الجزائری ایوان صدر کا کہنا ہے کہ فرانسیسی صدر کا بیان 5،630،000 شہداء کی توہین اور ملک پر فرانسیسی نوآبادیاتی یلغار کے خلاف اپنی بہادری مزاحمت کے ساتھ ساتھ قومی آزادی کی مبارک جنگ میں اپنی جانوں اور قیمتی چیزوں کو قربان کرنے والوں کی توہین ہے