امریکی ہاؤس سپیکر مک کارتھی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

امریکی ایوان نمائندگان میں ریپبلکنز نے عدم اعتماد کے ووٹ کے ذریعے ہاؤس سپیکر کیون مک کارتھی کو عہدے سے ہٹا دیا، ری پبلکن پارٹی کے پیٹرک مک ہینری کو قائم مقام سپیکر نامزد کر دیا گیا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹس سے تعاون پر سخت گیر ریپبلکن اراکین مک کارتھی سے سخت ناراض تھے اور ان کے خلاف قرارداد پیش کردی گئی تھی۔ایوان نمائندگان میں سخت گیر ری پبلکن ارکان کی جانب سے میکارتھی کے خلاف پیش کی گئی قرارداد پر ایوان نمائندگان نے 210کے مقابلے میں 216ووٹوں سے سپیکر کو فارغ کیا۔امریکا کی 234 سالہ تاریخ میں پہلی بار ایوان نے سپیکر کے خلاف ووٹ دیا، ہاؤس سپیکر کو ایسے وقت میں فارغ کیا گیا جب الیکشن میں محض ایک سال باقی ہے۔ کیون مک کارتھی کا کہنا تھا کہ میرا خیال ہے کہ میں اپنی لڑائی جاری رکھ سکتا ہوں البتہ اس کا طریقہ کار مختلف ہو سکتا ہے۔مک ہینری نئے سپیکر کے انتخاب تک خدمات سر انجام دیں گے۔ مختلف ریپلکنز کا کہنا ہے کہ انہوں نے نئے سپیکر کی تعیناتی سے متعلق 10 اکتوبر کو اجلاس بلایا ہے اور 11 اکتوبر کو نئے سپیکر کیلئے ووٹنگ متوقع ہے۔