ورلڈ کپ سے قبل تمام کپتانوں کی تقریب ملاقات، بابر اعظم کی چارٹرڈ طیارے سے آمد

آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2023 کے باقاعدہ آغاز سے قبل احمد آباد میں میگا ایونٹ کے تمام کپتانوں کی ملاقات کی تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے۔ کرکٹ کا سب سے بڑا میلہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2023 کا جمعرات 5 اکتوبر سے باقاعدہ آغاز ہو رہا ہے۔ بی سی سی آئی کی جانب سے ہر میگا ایونٹ کی طرح اس بار ورلڈ کپ کی باقاعدہ افتتاحی تقریب تو نہیں رکھی تاہم ایک دن قبل احمد آباد میں جہاں کل نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے میچ سے کرکٹ کے عالمی کپ کی جنگ با قاعدہ شروع ہوگی وہیں تمام شریک ٹیموں کے کپتانوں کی ملاقات کی تقریب کا اہتمام ضرور کیا ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان جو ورلڈ کپ وارم اپ میچز کے لیے حیدرآباد دکن میں تھے وہ اس تقریب میں شرکت کے لیے چارٹرڈ طیارے کے ذریعے احمد آباد پہنچ گئے۔ ایئرپورٹ اور ہوٹل پر قومی کپتان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور عملے نے پاکستانی کپتان کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔ بابر اعظم ہوٹل میں اپنے بھارتی ہم منصب روہت شرما سے بھی گرمجوشی سے ملے اور خوشگوار انداز میں مختصر بات چیت کی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بابر اعظم کے حیدرآباد دکن سے احمد آباد تک کے اس خوبصورت کی مختصر ویڈیو سماجی رابطوں کی سائیٹ ایکس کے اپنے اکاؤنٹ سے جاری کی ہے جس کو شائقین بالخصوص بابر اعظم کے مداح بہت سراہ رہے ہیں۔