ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹوزبیر موتی والا نے پاکستان انٹرنیشنل ہینڈ میڈ کارپٹ نمائش کا افتتاح کر دیا

ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے چیف ایگزیکٹوآفیسر زبیر موتی والا نے 39 ویں پاکستان انٹرنیشنل ہینڈ میڈ کارپٹ نمائش کا افتتاح کر دیا۔تین روزہ نمائش کا اہتمام بدھ کے روز یہاں مقامی ہوٹل میں پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے اشتراک سے کیا ہے۔اس موقع پر سیکرٹری ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان ڈاکٹر فرید اقبال قریشی،ڈائریکٹر جنرل رانا شہزاد،پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین عثمان اشرف،چیف آرگنائزر اعجازالرحمن،کوآرڈینیٹر میجر(ر)اختر نذیر خان،صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کاشف انور سمیت ملکی و غیرملکی صنتکاروں نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مہمان خصوصی زبیر موتی والا نے کہا کہ پاکستانی ہینڈ میڈ کارپٹ کی ایکسپورٹ 72 ملین ڈالر ہے جو کہ اس انڈسٹری کے مطلوبہ ہدف سے کم ہے جسے بڑھانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ صنعت کار نئے رجحانات پرعمل کر کے ہی کارپٹ کی ایکسپورٹ بڑھا سکتے ہیں،کارپٹ کی تیاری میں دور جدید کے مطابق رنگوں کا انتخاب اور خام مال کا استعمال کیا جائے۔اس موقع پر میجر ریٹائرڈ اختر نذیر خان نے بتایا کہ نمائش دیکھنے کیلئے 130 غیر ملکی خریداروں نے اپنی رجسٹریشن کا عمل مکمل کیا ہے،امید ہے کہ 65 کے قریب غیر ملکی خریدار نمائش کا دورہ کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ویزہ،سفری سہولیات سمیت دیگر مسائل کی وجہ سے متعدد خریدار نہیں پہنچ سکے،نمائش میں 63 کارپٹ مینوفیکچررز نے حصہ لیا ہے۔انہوںنے حکومت سے اپیل کی کہ انہیں امداد کی بجائے مارکیٹنگ کی ضرورت ہے،نئی مارکیٹ تلاش کرنے کیلئے تعاون کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہم اس نمائش کی فلم بنا رہے ہیں جو پوری دنیا میں چلے گی،بیرون ممالک پاکستانی مشنز اس سلسلے میں ہماری مدد کریں۔قبل ازیں مہمان خصوصی نے نمائش کا افتتاح کرنے کے بعد وہاں سٹالز دیکھے اور اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ہینڈ میڈ کارپٹ میں پاکستانی کاریگروں کا کوئی ثانی نہیں،کارپٹ کے روایتی رنگوں کی بجائے لائٹ اور ماڈرن رنگوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ تبدیلی آ رہی ہے،انشا اللہ یہ انڈسٹری خوب پروان چڑھے گی