ورلڈ کپ میں کسی ٹیم کو آسان نہیں لے سکتے، بابر اعظم

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ورلڈ کپ سے قبل ایونٹ میں شریک ٹیموں کے کپتانوں کی ملاقات کے لیے احمد آباد میں منعقدہ تقریب سے قبل میڈیا سے گفتگو کی ہے جس میں انہوں نے گرین شرٹس کی تیاریوں کے حوالے سے گفتگو کی۔ بابر اعظم نے کہا کہ ورلڈ کپ کے لیے ہماری تیاری اچھی ہے اور دونوں وارم اپ میچوں سے اچھی پریکٹس ملی ہے قومی کپتان نے کہا کہ کسی بھی ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ جیتنا بہت اہم ہوتا ہے۔ ہم ورلڈ کپ میں کسی بھی ٹیم کو آسان نہیں لے سکتے، ہر میچ میں پہلی بال سے جیت کے لیے جائیں گے۔ انہوں ن ے نیدر لینڈ کی ٹیم کو ورلڈ کپ کھیلنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ نیدر لینڈ ٹیم بہت اچھی ٹیم ہے جو کوالیفائنگ راؤنڈ میں بہترین کرکٹ کھیل کر آئی ہے۔ واضح رہے کہ ورلڈ کپ کا باقاعدہ آغاز جمعرات 5 اکتوبر سے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے میچ سے ہو رہا ہے جب کہ پاکستان میگا ایونٹ میں اپنے سفر کا آغاز جمعہ 6 اکتوبر کو حیدرآباد میں نیدر لینڈ کے خلاف میچ سے کرے گا۔ پاکستان جس کو حالیہ ایشیا کپ میں بھارت اور سری لنکا سے بڑی شکستوں کا سامنا کرنا پڑا۔ پھر میگا ایونٹ سے قبل نسیم شاہ کے زخمی ہوکر پورے ورلڈ کپ سے باہر ہونے اور دو وارم اپ میچز میں بڑی شکستوں سے ٹیم اس وقت دباؤ کی صورتحال میں ہے بالخصوص بولرز کی ناقص پرفارمنس نے تنقید کے نئے در کھول دیے ہیں۔