کےالیکٹرک کی خریداری : شنگھائی الیکٹرک نے بڑی پیشکش کردی

کراچی : شہر قائد کو بجلی فراہم کرنے والی کمپنی کے الیکٹرک کو خریدنے کیلئے شنگھائی الیکٹرک نے ایک بار پھر بڑی رقم کی پیشکش کردی۔ اس حوالے سے سعودی گروپ کے انویسٹمنٹ ایڈوائزر شان عباس اشعری نے کراچی میں میڈیا کو بریفنگ دی، کے الیکٹرک کے سب سے بڑے شیئر ہولڈر الجموعیہ گروپ نے ادارے کو دو ارب ڈالر تک میں فروخت کرنے کا عندیہ دے دیا۔ عباس اشعری نے بتایا کہ شنگھائی الیکٹرک کے ساتھ ڈیل دوبارہ ہوگی، شنگھائی الیکٹرک نے1ارب 77کروڑ ڈالر کی پیشکش کی تھی، اتنے سال گزر جانے کے بعد اب دوبارہ آفر دی جائے گی ، ان کا کہنا تھا کہ ہماری خواہش تو ہوگی کہ یہ 2 ارب ڈالر تک جائے، شنگھائی الیکٹرک کی ڈیل ہوجاتی ہے تو کراچی کے شہریوں کو فائدہ ہوگا، اس وقت سعودی اور کویتی گروپ کےالیکٹرک کے بڑے شیئر ہولڈرز ہیں۔ شان اشعری نے کہا کہ اس وقت شہر کراچی کی ڈیمانڈ 5 ہزار میگاواٹ ہونی چاہیے تھی، اگر تمام صنعتیں کے الیکٹرک پر منتقل ہوجائیں تو یہ ڈیمانڈ تیزی سے بڑھے گی۔