سپریم کورٹ کی ہدایت پر ڈاکٹروں نے بلوچستان میں ایک ماہ سے جاری ہڑتال ختم کردی۔ ڈاکٹروں کے مطالبات جائزہیں انہیں تحفظ دینا حکومت کی زمہ داری ہے. چیف جسٹس

سپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹری میں بلوچستان بدامنی کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کر رہا ہے۔ سماعت کے آغاز پرچیف جسٹس کےاستفسار پر سیکرٹری صحت نے بتایا کہ ڈاکٹروں کو عدالتی حکم پر ہڑتال ختم کرنے کا کہہ دیا ہے۔ ڈاکٹروں کے نمائندہ اشرف اچکزئی نے بتایا کہ کئی بار ملزم گرفتار کرنے کا وعدہ کیا گیا لیکن کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ڈاکٹروں کے مطالبات جائز ہیں۔ انہیں تحفظ فراہم کرنا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ جسٹس خلجی عارف حسین نے ریمارکس دیئے کہ ہمارا جج قتل ہوا ہم نے تو ہڑتال نہیں کی، جس پر ڈاکٹرز نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ سماعت کے دوران لاپتہ افراد کے کیس میں اٹارنی جنرل کے پیش نہ ہونے پر چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ریمارکس دیئے کہ اٹارنی جنرل اپنے فرائض دیانتداری سےانجام دینےمیں ناکام رہے ہیں۔ پولیس میں شولڈرپروموشن ختم کرنے کانوٹیفیکیشن بھی عدالت میں پیش کیا گیا۔