اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی نے بل کی عدم ادائیگی پر پاک سیکرٹریٹ کی بجلی منقطع کر دی .

وزارت پانی وبجلی کے مطابق سی ڈی اے آئیسکو کی سترہ سو ملین روپے کی ادائیگیاں کرنی تھی جس کے حوالے سے جاری کئے گئے نوٹس کا نہ تو جواب دیا گیا اور نہ ہی کوئی ادائیگی کی گئی جس کے بعد آئیسکو نے صبح پاک سیکرٹریٹ کی بجلی منقطع کی۔جبکہ وفاقی وزیر پانی وبجلی احمد مختار نے ایک بار پھربجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ بجلی کمپنیوں کے نادہنگان کے خلاف بلا امتیازکارروائی کی جائے گی ۔ جبکہ بجلی کے کنکشن صرف ان صارفین کے بحال کئے جائیں گے جو بقایا جات کی ادائیگی کریں گے ۔ واضح رہے کہ وفاقی وزیر پانی و بجلی احمد مختار نے دو ماہ قبل بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو ہدایت کی تھی کہ ریکوری کے عمل کو تیز کیا جائے اور نادہندگان کے خلاف کارروائی کی جائے ۔