عمران خان کے وزیراعظم سے چار سوال، جواب نہ ملنے پر عید کے بعد رائیونڈ جانے کا اعلان

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی سربراہی میں لاہور کے علاقے شاہدرہ سے تحریک انصاف کا احتساب مارچ چیئرنگ کراس پہنچا، راستے میں احتساب مارچ میں تحریک انصاف کے کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ عمران خان نےمختلف مقامات پر کارکنان سےمختصرخطاب کیا۔ چیرنگ کراس پراحتساب ریلی سےخطاب کرتےہوئےچیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ طاقتورطبقہ قتل کےبعد بھی بچ سکتا ہےکیونکہ پاکستان کا نظام عدل ان کرپٹ مگرمچھوں کونہیں پکڑسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب ہمارے ٹیکس کے پیسے پر پل رہے ہیں تو ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ شریف خاندان سے پوچھتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اداروں اور پارلیمنٹ نے ہمیں انصاف نہیں دیا اس لیے ہم سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہوئے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ جنرل راحیل شریف کو سلام پیش کرتا ہوں کہ وہ بکے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں تو یہی بیٹھنے کا سوچ رہا تھا لیکن جس طرح لاہوریوں نے ہمارا استقبال کیا تو میں ان کو ابھی تکلیف نہیں دینا چاہتا۔ ان کا کہنا تھا کہ میاں صاحب اپوزیشن نے جو ٹی او آرز بنائے ہیں اب بھی آپ ان پر مان جائیں اور صرف 4 سوالوں کے جواب دے دیں. چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ اگر ان سوالوں کے جواب ہمیں نہیں ملے تو عید کے بعد ہمارا رخ رائیونڈ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی ادارے ٹھیک کام کریں توسڑکوں پر نکلنے کے بجائے گھر بیٹھ جاؤں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے ڈر ہے کہیں میاں صاحب ملک سے باہر نہ چلے جائیں۔عمران خان نے کہا کہ وزیراعظم خود کو احتساب سے بچانے کے لیے ملک کامستقبل تباہ کررہے ہیں۔ بھاٹی چوک پر ریلی سے خطاب کرتے ہوئےعمران خان نے کہا کہ جس ملک میں کرپشن ہو اس ملک میں سرمایہ کاری نہیں آتی، اگر ہم کرپشن کا نظام ختم کردیں اورعدل و انصاف نظام لے آئیں تو یہاں بہت سرمایہ کاری آئے گی۔