میں خاموش صدر نہیں ہوں گا، عارف علوی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدارتی امیدوار ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ انہیں وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کی خدمت کے لیے نامزد کیا ہے، وہ خاموش صدر نہیں ہوں گے۔عارف علوی نے بھاری اکثریت سے منتخب ہونے کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا، 'میں کسی ایک سیاسی جماعت کا نہیں، پورے پاکستان کا صدر ہوں گا۔'ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ 'میں خاموش صدر نہیں ہوں گا'۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان جس نہج پر ہے، وہ اس کو اس سے نکالنے کی کوشش کریں گے اور آئین کے دائرہ کار کے اندر رہتے ہوئے کام کریں گے۔عارف علوی کا مزید کہنا تھا کہ ملکی ترقی کے لیے حکومت اگلے چند برس کے دوران شارٹ ٹرم، مڈٹرم اور لانگ ٹرم اقدامات کرے گی۔عارف علوی نے کہا کہ صدر منتخب ہونے کےبعد وہ تمام پارٹی عہدوں سے مستعفی ہوجائیں گے۔