ڈاکٹرعارف علوی ملک کے 13ویں صدر منتخب،اپوزیشن جماعتوں کے امیدواروں کو شکست
صدرمملکت کیلئے تحریک انصاف کے ڈاکٹر عارف علوی، پیپلزپارٹی کے اعتزاز احسن اور چار اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ امیدوار مولانا فضل الرحمان کے درمیان مقابلہ تھا۔ پارلیمنٹ میں 432 میں سے 424 ووٹ کاسٹ اور 6 ووٹ مسترد ہوئے جبکہ دو ارکان نے اپنا حق رائے دہی استعمال نہیں کیا۔ عارف علوی نے 212، مولانا فضل الرحمان نے 131 اور اعتزاز احسن نے 81 ووٹ حاصل کیے۔ بلوچستان اسمبلی میں عارف علوی نے 46 اور مولانا فضل الرحمان نے 15 ووٹ حاصل کیے۔ اعتزاز احسن کو کوئی ووٹ نہ ملا۔ صدارتی انتخاب کے لیے سندھ، پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلی کے مجموعی ووٹوں کو بلوچستان اسمبلی کے اراکین سے تقسیم کا فارمولا بنایا گیا۔ صدارتی انتخاب کے لیے چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ سردار محمد رضا ریٹرننگ آفیسر تھے۔