جعلی اکاؤنٹس کیس:تاریخ کی سب سے بڑی ریکوری ،عبدالغنی مجید سمیت 7 ملزمان نے 10 ارب 66 کروڑ روپے کی پلی بارگین کر لی
نیب نے جعلی اکاونٹس کیس کی ایک انکوائری میں پلی بارگین کر کے تاریخ کی سب سے بڑی ریکوری کر لی، سندھ حکومت اور سٹیل ملز کی زمینوں میں خورد برد کی انکوائری میں عبدالغنی مجید سمیت 7 ملزمان نے 10 ارب 66 کروڑ روپے کی پلی بارگین کر لی۔
نیب ذرائع کے مطابق جعلی اکاونٹس کیس کی 28 انکوائریز میں سے ایک انکوائری سندھ حکومت اور اسٹیل ملز کی زمینوں میں خردبرد پر جاری ہے۔ نیب کی زیر حراست 7 ملزمان نے پلی بار گین کی درخواست کی جسے منظور کر لیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان نے 10 ارب اور 66 کروڑ روپے واپس کرنے کی یقین دہانی کرائی جبکہ ملزمان سے 266.175 ایکڑ اراضی بھی نیب کے ذریعے سندھ حکومت اور سٹیل ملز کو واپس کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔پلی بارگین کرنیوالے ملزمان میں مرکزی کردار عبدالغنی مجید سمیت حماد شاہد، طارق بیگ، محمد اقبال، محمد توصیف، عامر ، سراج شاہد بھی شامل ہیں. ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین نیب نے پلی بار کی درخواست منظور کرلی ہے جو حتمی منظوری کے لئے احتساب عدالت اسلام آباد کے روبرو پیش کی جائے گی۔