ادارہ جاتی ترقی سے ملک میں اقتصادی صورتحال میں بہتری آئے گی،صدر ڈاکٹر عارف علوی
صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ سے متعلق تمام تر سہولیات کی فراہمی کیلئے موثر اقدامات کر رہی ہے۔ ایوان صنعت و تجارت اسلام آباد میںAchievementایوارڈز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء کے پھیلاؤ اور دیگر مشکلات کے باوجود حکومت قومی اداروں کے استحکام کیلئے بھر پور کوششیں کر رہی ہے۔ صدر نے کہا کہ ادارہ جاتی ترقی سے ملک میں اقتصادی صورتحال میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے مراعات کے پرکشش پیکج کے نتیجے میں سٹاک ایکسچینج میں استحکام آیا ہے جس کا اعتراف عالمی اداروں نے بھی کیا ہے۔ مشیر تجارت عبدالرزاق دائود نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے کاروباری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں جن سے ملکی برآمدات میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت افریقی ملکوں کے ساتھ روابط میں اضافے پر بھی توجہ مرکوز کر رہی ہے جس سے ان ملکوں کی وسیع تر منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی رسائی کو فروغ ملے گا۔