امید ہے وزیراعظم پورے سندھ کیلئے ریلیف کا اعلان کریں گے:بلاول بھٹو
کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ میں بارشوں کے بعد عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں وفاقی حکومت سندھ کے ساتھ مل کر عوام کو ریلیف پہنچائے گی اور وفاق سندھ کو کراچی کے معاملات پر ساتھ لے کر چلےگا۔ دو سال بعد نظر آرہا ہے وفاقی حکومت سنجیدگی سے کراچی پر توجہ دے رہی ہے۔ سندھ میں بارشوں اور سیلاب سے بڑا نقصان ہوا۔ ہمیں اس وقت امداد اور ریلیف چاہیے۔ ہم امید کرتے ہیں وزیراعظم صرف کراچی نہیں پورے سندھ کےلیے ریلیف کا اعلان کریں گے۔ بلاول نے کہا صرف 3نالوں کی صفائی سے سندھ صاف نہیں ہوگا۔ کراچی کے انفرااسٹرکچر سے متعلق طویل المدت منصوبوں کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں جوہوا سو ہوا، اب حالات مختلف ہیں اور ہم وفاق کی جانب دیکھ رہے ہیں۔ مجھے بارشوں سے نقصانات پر تشویش ہےاور ہمیں مدد کی اشد ضرورت ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ سیاسی پوائنٹ اسکورنگ ہم پر طنز کرکے کی جاتی ہے، سندھ اور کراچی کے حوالے سے بیان بازی بند کی جائے۔ یہاں سے پیسہ وفاق اور ملک کو جاتا ہے۔ سندھ اور کراچی کونقصان سے وفاق کو بڑا نقصان ہوگا۔