ایشیا کپ: ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے 2 کھلاڑی آؤٹ، 10 اوورز میں 76 رنز
ایشیا کپ 2022 کے سپر فور مرحلے میں بھارت نے جیتنے کے لیے 182 رنز کا ہدف دے دیا، پاکستان نے 10 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 76 رنز بنا لیے۔پاکستان کی جانب سے بیٹنگ کا آغاز محمد رضوان اور بابر اعظم نے کیا۔بھارت کی جانب سے بھونیشور کمار نے پہلا اوور کروایا، بابر اعظم نے انہیں شاندار چوکا لگایا۔بھونیشور کمار کے اوور میں بابر اعظم نے آخری گیند پر دلکش چوکا رسید کیا، اور اس اوور میں 8 رنز بٹورے۔
بھارتی کپتان روہت شرما نے چوتھا اوور کروانے کے لیے گیند روی بشنوئی کو تھمائی، جنہوں نے مایوس نہیں کیا اور بابر اعظم کی بڑی وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔ایشیا کپ میں پاکستانی کپتان بابر اعظم ایک بار پھر بڑی اننگ کھیلنے میں ناکام رہے، محمد رضوان کا ساتھ دینے فخر زمان کریز پر آئے۔پانچواں اوور ہاردیک پانڈیا نے کروایا، محمد رضوان نے ان کی پہلی اور آخری گیند پر شاندار چوکے رسید کیے، فخر زمان نے بھی چوتھی گیند پر چوکا جڑا، اور 14 رنز بٹورے۔محمد رضوان نے چھٹا اوور کروانے والے ارشدیپ سنگھ کی تیسری گیند پر شاندار چھکا مارا، جن کے اوور میں 8 رنز بنے۔لیگ اسپنر یوزویندر چاہل نے ساتویں اوور کروایا جس میں محمد رضوان نے ایک چوکا رسید کیا اور 6 رنز حاصل کیے۔دوسرے لیگ اسپنر روی بشنوئی نے آٹھویں اوور میں نپی تلی گیند بازی کی، اور لیگ بائے سمیت 6 رنز دیے۔چاہل نے نواں اوور جاری رکھا، فخر زمان نے کوور کے اوپر سے کھیل کر 4 رنز حاصل کے اس کے بعد اگلی ہی گیند پر وہ 15 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، ان کا کیچ ویرات کوہلی نے تھاما۔جس کے بعد محمد نواز کو ترقی دے کر چوتھے نمبر پر بیٹنگ کرنے کے لیے بھیجا گیا۔پاکستان نے 9 اوورز کے اختتام پر بابر اور فخر کے نقصان پر 67 رنز بنائے۔