سندھ ہائیکورٹ کا ڈاکٹر عاصم کیخلاف کرپشن ریفرنس واپس چیئرمین نیب کو ارسال کرنے کا حکم
سندھ ہائی کورٹ نے ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف کرپشن ریفرنس واپس چیئرمین نیب کو ارسال کرنے کا حکم دے دیا۔عدالتِ عالیہ میں ڈاکٹر عاصم حسین اور دیگر کے خلاف 17 ارب روپے کی کرپشن کے ریفرنس کی سماعت جسٹس کے کے آغا کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کرتے ہوئے فیصلہ سنا دیا۔سندھ ہائی کورٹ نے احتساب عدالت کے دائرہ اختیار سے متعلق ڈاکٹر عاصم حسین اور دیگر کی درخواست منظور کر لی۔ عدالت میں ڈاکٹر عاصم کے وکیل فاروق ایچ نائیک ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ ڈاکٹر عاصم پر بطور وزیر من پسند کمپنیوں کو گیس دینے کے الزام میں ریفرنس بنایا گیا ہے۔فاروق ایچ نائیک ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نئے قانون کے بعد یہ ریفرنس احتساب عدالت کے دائرہ سماعت میں نہیں رہا۔جسٹس کے کے آغا نے کہا کہ اب نئی ترمیم آ گئی ، قانون سازی پارلیمنٹ کا حق ہے۔فاروق ایچ نائیک ایڈووکیٹ نے کہا کہ 17 ارب روپے کی کرپشن کا جے جے وی ایل ریفرنس خلافِ قانون ہے۔عدالت نے ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف کرپشن ریفرنس واپس چیئرمین نیب کو ارسال کرنے کا حکم دے دیا۔