دنیا کے جدید علوم اور جاری ریسرچ میں ہماری شراکت بہت کم ہے، انیق احمد

نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق کی زیر صدارت وزارت کے شعبہ تحقیق و مراجع کا اہم اجلاس ہوا، سیکرٹری مذہبی امور آفتاب درانی نے ڈی جی تحقیق و مراجع کے ہمراہ شعبہ کی سرگرمیوں پر بریفنگ دی۔ انیق احمد نے کہا قرآن تاقیامت ذہن انسانی کی امامت کرتا رہے گا، دین اسلام ایک وسیع اور مکمل دین ہے، ہمیں عہد حاضر کے جدید موضوعات پر کام کرنا ہو گا، دین سے ہماری محبت میں کوئی شک نہیں، تاہم دنیا کی ہدایت کیلئے قرآنی علوم سے استفادہ کرنا ہو گا۔ نگران وفاقی وزیر نے کہا دنیا کے جدید علوم اور جاری ریسرچ میں ہماری شراکت بہت کم ہے، لگتا ہے کہ آج تسخیر کائنات کا قرآنی نسخہ مسلمانوں سے دور ہو گیا ہے، دور حاضر کے مسائل کے حل کیلئے ممتاز علماء سے رہنمائی لی جائے، اسلام مخالف قوتیں نوجوانوں کے ذہنوں کو شکوک و شبہات سے متاثر کرنے کی کوشش میں ہیں۔