شفاف انتخابات کا انعقاد ایک ایجنڈا ہے، پولنگ کے دوران قیام امن کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے. نگران وزیراعظم میر ہزارخان کھوسو
نگران کابینہ کے تعارفی اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو نے کہا کہ ملک میں صاف اور شفاف انتخابات کا انعقاد نگران حکومت کا اصل ایجنڈا ہے۔ پولنگ کے دوران قیام امن کیلئے تمام وسائل بروئے کارلائے جائیں گے۔ پرامن انتقال اقتدار کے لیے سیاسی جماعتوں کا کردار قابل تحسین ہے۔ اجلاس میں کابینہ کو وزیر پانی و بجلی ڈاکٹر مصدق ملک نے ملک میں جاری توانائی بحران پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں توانائی بحران کے خاتمے کے لیے درپیش چیلنجز کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے وزارت کے حکام کو بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم کرنے کی ہدایت کی۔ نگران وزیر داخلہ ملک حبیب نے کابینہ کو بتایا کہ ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ اجلاس میں میڈیا کو وزیراعظم سیکرٹریٹ بلانے کے باوجود کوریج سے روک دیا گیا،،،نگران وزیر اطلاعات عارف نظامی نے کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن التوا کا شکار نہیں ہونگے اس حوالے سے تمام باتیں بے بنیاد ہیں ، انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل اور ووٹرز کے تحفظ کیلئے وزارت داخلہ اقدامات اٹھا رہی ہے، عارف نظامی نے کہا کہ موجودہ حکومت شفاف انتخابات اور معیشت کی بہتری کیلئے اقدامات کرے گی.