عمران خان نے لندن میں الطاف حسین کے خلاف مقدمہ درج کرانے کی دھمکی دے دی
بنی گالہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا یہ غلط ہے کہ ایم کیو ایم اور پی ٹی ائی کے کارکنوں میں تصادم ہوا ۔ حقیقت یہ ہے کہ متحدہ کے کارکنوں نے تحریک انصاف کے کیمپ پر حملہ کیا اور کارکنوں کو تشدد کا نشانہ بنایا ۔عمران خان نے کہا الطاف حسین نے جو کرنا ہے کر لیں وہ کراچی کے ہر حصے میں جائیں گے ۔ لیکن اگر اب کارکنوں کو کچھ ہوا تو تحریک انصاف لندن میں عدالت سے رابطہ کرے گی اور الطاف حسین کے خلاف مقدمہ درج کرائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کے خلاف ثبوت موجود ہیں اور برطانیہ میں وکلا کی ٹیم بھی تیار ہے کچھ بھی ہوا تو الطاف حسین کے خلاف پرچہ کٹوائیں گے- عمران خان کا کہنا تھا کہ کراچی کو ڈر خوف اور بھتہ خوری سے نجات دلائیں گے ۔ انہوں نے کہا اب ایم کیو ایم خود کو جمہوری پارٹی ثابت کرے ۔چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ان کا ایمان ہے کہ موجودہ سال انتخابات کا سال ہے-