ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز پاکستانی کھلاڑیوں کیلئے بھی خوش قسمت ثابت ہوئی
آئی سی سی نے ٹی ٹونٹی پلیئرز کی رینکنگ جاری کردی،،،پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین بابراعظم دنیا کے نمبر ون بلے باز بن گئے، بابراعظم ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچز کی سیریز میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے کے بعد دنیا کے نمبر ون ٹی ٹونٹی بیٹسمین بنے، انہوں نے نیوزی لینڈ کے کولن منرو سے پہلی پوزیشن چھینی۔ اوپنر بیٹسمین فخر زمان 15 درجے ترقی پاکر ٹاپ ففٹی میں شامل ہو گئے جبکہ کپتان قومی کرکٹ ٹیم سرفراز احمد 53 ویں نمبر پر برقرار ہیں۔بولرز میں شاداب خان 10 درجے ترقی پا کر دوسرے نمبر پر پہنچ گئے۔ افغانستان کے راشد خان پہلے نمبر پر برقرار ہیں۔ انجری کی وجہ سے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز سے باہرعماد وسیم تنزلی کے بعد 9 ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔ فاسٹ بولر محمد عامر 15 درجے چھلانگ لگا کر 13 ویں نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ حسن علی نے 10 درجے ترقی کے ساتھ 30 واں نمبر پا لیا۔ شعیب ملک ٹاپ ٹین آل راؤنڈرز میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔ وہ 4 درجے بہتری کے ساتھ 9ویں پوزیشن پر قابض ہوگئے جبکہ محمد حفیظ 14 ویں نمبر پر موجود ہیں۔