ٹرینٹ بولٹ نے نیوزی لینڈ کرکٹ سالانہ ایوارڈز کا میلہ لوٹ لیا۔
مایہ ناز فاسٹ باﺅلر ٹرینٹ بولٹ نے نیوزی لینڈ کرکٹ سالانہ ایوارڈز کا میلہ لوٹ لیا۔ سر رچرڈ ہیڈلی میڈل اور ٹیسٹ پلیئر آف دی ایئر ایوارڈز لے اڑے، روز ٹیلر ون ڈے اور کولن منرو ٹی ٹونٹی پلیئرز آف دی ایئر قرار پائے، سوفی ڈیوائن نے ویمنز ٹی ٹونٹی اور ون ڈے پلیئر آف دی ایئر ایوارڈز اپنے نام کئے۔ نیوزی لینڈ کرکٹ کے سالانہ ایوارڈز کی تقریب منعقد ہوئی جس میں ایک سال کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے مردوخواتین کھلاڑیوں کو اعزازات سے نوازا گیا۔ بولٹ نے اس عرصے کے دوران تینوں فارمیٹس میں 77 وکٹیں حاصل کیں، اسی دوران انہوں نے 200 ٹیسٹ اور 100 ون ڈے وکٹیں بھی مکمل کیں، انہیں غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر پلیئر آف دی ایئر قرار دیا گیا اور سر رچرڈ ہیڈلی میڈل سے نوازا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے ٹیسٹ پلیئر آف دی ایئر ایوارڈ بھی اپنے نام کیا، روز ٹیلر اور کولن منرو نے بالترتیب ون ڈے اور ٹی ٹونٹی پلیئر آف دی ایئر ایوارڈز حاصل کئے۔ ٹیلر کی ووٹنگ کے دوران بیٹنگ اوسط 78 رہی جبکہ منرو کی اوسط 57 تھی اور سٹرائیک ریٹ 182 تھا، روز ٹیلر نے اس کے علاوہ فرسٹ کلاس بیٹنگ میں ریڈپاتھ کپ کا ایوارڈ بھی جیتا، نیوزی لینڈ ویمن ٹیم کی نائب کپتان اور اوپننگ بیٹسمین سوفی ڈیوائن نے ویمنز ایوارڈز میں کلین سویپ کیا، ٹی ٹونٹی اور ون ڈے پلیئر آف دی ایئر ایوارڈز لے اڑیں، الجاز پٹیل نے ڈومیسٹک پلیئر آف دی ایئر، انتن ڈیوچ نے سپرسمیش پلیئر آف دی ایئر، میڈی گرین نے روتھ مارٹن کپ، ہولی ہڈلسٹن نے فل بلیک لر کپ ایوارڈز حاصل کئے۔