شوکت خانم فنڈ ریزنگ پروگرام:کمیونٹی راہنماؤں اور بزنس مینوں کی طرف سے بھرپور حمایت کا اعلان۔
پیرس ( صاحبزادہ عتیق سے ) پیرس کے نواحی علاقے ویلئیر لابیل کے خوبصورت ذائقہ میرج ہال میں پانچ اپریل کو شام سات بجے ہونے والے شوکت خانم فنڈ ریزنگ پروگرام کے سلسلہ میں گزشتہ روز مشتاق خان جدون کی میزبانی میں میٹنگ کا اہتمام ہوا۔ میٹنگ میں سیاسی، سماجی، کاروباری، مذہبی شخصیات سمیت خواتین و حضرات نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے اپنی اپنی تجاویز بھی دیں۔ میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ انٹری ٹکٹ پچیس ، پچاس اور سو یورو ہوگی۔ اسٹیج کے سامنے پہلی قطار کی نشستوں کے لیے پلاٹینیم ،درمیان والی نشستوں کے لئے گولڈ اور ان سے پیچھے والی نشستوں کے لئے سلور ٹکٹس کا اجراء کیا جائے گا۔ ہر ٹیبل پر دس نشستیں ہوں گی۔ فرد واحد کسی بھی کٹیگری کا ٹکٹ چاہے خرید سکتا ہے اور چند دوست یا ایک گروپ پوری ٹیبل بھی بک کروا سکتے ہیں۔
اسٹیج پر پاکستان سے آئے ہوئے مہمانوں کے ساتھ والی نشستوں کے لئے وی وی آئی پی پیکج کا اعلان کیا گیا ہے ، پانچ ہزار یورو ڈونیشن دینے والی شخصیت وی وی آئی پی کٹیگری میں شامل ہوگی۔
آرگنائزنگ کمیٹی کے ممبر مبارک جدون نے میڈیا کو بتایا کہ اس پروگرام میں شمولیت کے لیے ہر فرد خواہ وہ آرگنائزر ہی کیوں نہ ہو ادائیگی کے ذریعہ داخل ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شوکت خانم کینسر ہسپتال کسی سیاسی پارٹی یا کسی فرد واحد کا ہسپتال نہیں۔ یہ پوری پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کا ہسپتال ہے۔ اگر اللہ نہ کرے کہ کسی کو کوئی بیماری ہو تو وہ بلاتفریق اس ہسپتال کی خدمات لے سکتا ہے۔ ٹکٹس کے لیے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔