سمندری آلودگی کی روک تھام کے لئے پاک بحریہ کی ڈیبرس کلیکشن بارج کی تعمیر اور بحری بیڑے میں شمولیت قابل ستائش ہے۔ سید علی حیدر زیدی
مقامی طور پر تیار کردہ تین میرین ڈیبرس کلیکشن بارجزکی پاک بحریہ کے بیڑے میں شمولیت کی تقریب آج پاکستان نیوی ڈاکیارڈ ، کراچی میں منعقد کی گئی۔وفاقی وزیر برائے بحری امورسید علی حیدر زیدی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔میری ٹائم سیکٹر سے تعلق رکھنے والے افراد کی ایک بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔تقریب کے بعد نو تعمیر شدہ میرین ڈیبرس کلیکشن بارجز کی مدد سے ہاربر کی صفائی کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا۔ مہمان خصوصی کی آمد پر پاک بحریہ کے کمانڈر لاجسٹکس رئیر ایڈمرل عدنان خالق نے ان کا استقبال کیا۔ اپنے خطاب کے دوران مہمان خصوصی نے صاف ساحلوں اور بحری ماحول کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بحری آلودگی کے مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ وفاقی وزیر نے’ بلو اکانومی‘ کے فروغ کے لیے چیف آف دی نیول اسٹاف کے وژن کو سراہا۔ خود انحصاری کے لیے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے سید علی حیدر زیدی نے کہا کہ حکومت بحری آلودگی کے کی روک تھام کے لیے ٹیکنالوجی کے فروغ کے تمام اقدامات کے لیے ہر ممکن امداد فراہم کرے گی۔ وزیر اعظم کے کلین اینڈ گرین پاکستان وژن کے تحت پاک بحریہ نے ہمیشہ بحری آلودگی کے حوالے سے آگہی پھیلانے کی کوشش کی ہے اور کئی اقدامات اٹھائے ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے میرین ڈیبرس کلیکشن بارجز کی پی این ڈاکیارڈ میں مقامی طور پر ڈیزائن اور تعمیر کرنے کی کاوش پاک بحریہ کے آلودگی سے پاک ہاربرز بنانے کے عزم کی غماز ہے۔ ان جدید ترین بارجز کی شمولیت سے ہاربر کو صاف کرنے کی صلاحیت میں خاطر خواہ اضافہ ہوگاجو کہ پہلے روایتی طریقوں سے کی جاتی تھی۔ پہلے مرحلے میں تین میکنائزڈ کنوئیر بیلٹ والی میرین ڈیبرس کلیکشن بارجز پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر پی این ڈاکیارڈ میں بنائی گئی ہیں۔امید ہے کہ پاک بحریہ کا یہ اقدام میری ٹائم سیکٹر کے دیگر اسٹیک ہولڈرز کو صاف ساحلوں اور بہتر بحری ماحول کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرنے کی ترغیب دے گا جس سے میری ٹائم سیکٹر میں بیش بہا فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔