صوابی:جج اور اہلخانہ کا قتل، 5 مشتبہ افراد گرفتار
پولیس نے صوابی میں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اور اہلخانہ کے قتل پر فوری کارروائی کرتے ہوئے پشاور اور خیبر سے 5 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ڈی پی او صوابی نے کہا کہ گرفتار افراد کی شناخت مقتول جج کے بیٹے ماجد آفریدی کریں گے، ایف آئی آر میں شامل دو گاڑیاں بھی ریکور ہیں تاہم شناخت پریڈ عمل کے بعد مزید تفتیش کی جائے گی۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز خیبر پختونخوا کے علاقے صوابی میں نامعلوم افراد نے گاڑی پر فائرنگ کرکے انسداد دہشت گردی عدالت کے جج آفتاب آفریدی، ان کی اہلیہ اور دو بچوں کو قتل کر دیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق دہشتگردی کا افسوسناک واقعہ صوابی کے قریب انبار انٹرچینج کے قریب پیش آیا۔ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جج آفتاب آفریدی کے 2 محافظ بھی زخمی ہو گئے تھے۔ وزیراعظم عمران خان نے صوابی میں انسداد دہشتگردی عدالت کے جج کی خاندان کے ہمراہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعے میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائیگی۔