سینیٹ اجلاس میں اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلوں گا۔یوسف رضا گیلانی
سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ تمام اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلیں گے ،پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کا ایک مقصد تھا کہ آئینی، انسانی حقوق دلائے جائیں۔سینیٹ اجلاس سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ فی الحال ہم پی ڈی ایم کا حصہ ہیں، ابھی تک پی ڈی ایم نے ہمیں شوکاز نوٹس دئیے ہیں جس کا ہم نے جواب نہیں دیا، ہمارے جواب کے بعد جو صورتحال بنے گی اس پر رائے دیں گے۔بعد ازاں سینیٹ اجلاس کے دوران میں اظہار خیال کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سینیٹ کا ایوان بہت اہم ایوان ہے، 1973 کے آئین کے تحت چھوٹے صوبوں میں احساس محرومی کو ختم کرنے کیلئے یہ ایوان بنایا گیا، اگر یہ احساس محرومی پہلے ختم کردی جاتی تو سقوط ڈھاکہ نہیں ہوتا، میں ایم این اے کا الیکشن لڑتا رہا اس لیے معلوم نہیں تھا سینیٹر کا انتخاب کتنا مشکل ہے، میں نے پی ڈی ایم کے تعاون سے سینیٹ الیکشن لڑا، سینیٹر بننا بہت مشکل ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد عوام کوریلیف دینا ہے، ہم عوامی مفاد کے لئے آئے ہیں،عوام کی ترجمانی کرنا ہمارے فرائض میں شامل ہے، اختلاف رائے جمہوریت ہے ، سینیٹ اجلاس میں اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلوں گا،حکومت کو مشکل ہوئی تو ان کی بھی آواز بنیں گے،پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کا ایک مقصد تھا کہ آئینی، انسانی حقوق دلائے جائیں، انشا اللہ اس کے لیے ہم آواز اٹھاتے رہیں گے۔انہوں نے کہاکہ ملک کو کئی چیلنج درپیش ہیں، ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا، میں وزیراعظم تھا اور وزرا کو ایوان میں جواب دینے میں مشکل ہوتی تو میں جواب دیتا تھا،اگر کبھی مشکل پیش آئی تو ہم حکومت کی جانب سے بھی بولیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس ملک میں جو تکالیف ہیں اس کا تدارک ہم سب کو کرنا ہے، عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہم سب ایک ہیں، شبلی فراز سے ملنے کا موقع ملا تو انہوں نے مجھے ایک شعر سنایا۔انہوں نے کہا کہ مجھے کہا گیا تھا سینیٹ میں زیادہ عمر کے لوگ ہیں لیکن آج دیکھا تو یہاں نوجوان زیادہ ہیں،گیلانی نے پاکستان زندہ باد کے نعرے کے ساتھ سینیٹ میں اپنی تقریر مکمل کی۔