مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر نے الگ اپوزیشن بینچ الاٹ کرنے کا مطالبہ کردیا۔
مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ ہمیں الگ اپوزیشن بینچ الاٹ کیے جائیں۔پیر کو اسلام آباد میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیرصدارت سینیٹ کا اجلاس جاری ہوا جس میں اظہار خیال کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر بنانے کے لیے 5 تحفے بھجوائے گئے، اپوزیشن لیڈر کی تقرری پر ہمارے دل رنجیدہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں خفیہ کیمروں کی تحقیقات کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پانچ جماعتوں کے27 سینیٹرز نے الگ اپوزیشن گروپ بنایا ہے ،ہمیں الگ اپوزیشن بینچ الاٹ کیے جائیں، اپوزیشن مثبت اور تعمیری کردار ادا کرے گی، ہم 5 جماعتیں آزاد گروپ کی حیثیت سے اپوزیشن نشستوں پر بیٹھیں گے۔اعظم نذیر تارڑ کے ریمارکس پر گیلانی کی حمایت کرنے والے سینیٹرز نے احتجاج کیا جبکہ بی اے پی کے سینیٹرز کو تحفہ کہنے پر حکومتی اراکین کی جانب سے ہنگامہ اور ایوان میں شور شرابا کیا گیا۔