پی ڈی ایم مزید نہیں چلے گی, وزیراعظم اپوزیشن کی صورتحال سے خوش ہیں: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے پی ڈی ایم مزید نہیں چلے گی۔شیخ رشید کا نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کوئی اور مذہبی تحریک چلے تو کچھ نہیں کہہ سکتے۔ وزیراعظم اپوزیشن کی صورتحال سے خوش ہیں۔ اسمبلیاں چل پڑی ہیں۔ حمزہ اور شہباز وہ زبان استعمال نہیں کریں گے جو مریم کرتی ہیں۔ حکومت کیلئے صرف مہنگائی کا چیلنج ہے جس پر عمران خان اس سال قابو پا لیں گے۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید بولے ہم نے کرپشن ختم کرکے ویزوں کو آن لائن کیا ہے۔ پاسپورٹ دس سال کا کر دیا ہے۔ ناکے ختم کر دیئے ہیں۔ 200 موٹرسائیکلوں کا ایگل اسکواڈ بنا رہے ہیں۔ اسلام آباد میں ایمبولینس سروس 2425 شروع کرنے لگے ہیں۔ انہوں نے کہا ایک ایک مدرسے میں بارہ بارہ سو طالبات ہیں جبکہ پولیس کی کل خواتین اہلکار 200 ہیں۔ نفری بڑھانا آسان بات نہیں۔ اسلام آباد میں بہت بڑی نقل مکانی ہو گئی ہے، شہر بڑھ گیا ہے ، تھانے تھوڑے ہیں۔ معاملات کی بہتری کے لیے کوشش کررہے ہیں۔