چلاس: ضلع دیامیر کے علاقوں داریل اور تانگیر سمیت چلاس میں پولیس کے آپریشن کے دوران ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا جب کہ ایک دہشت گرد کے مارے جانے کی بھی اطلاع ہے۔
گزشتہ روز گلگت بلتستان کے ضلع دیامیر میں تخریب کاروں نے تعلیمی اداروں کو نذر آتش کیا تھا جس کا چیف جسٹس پاکستان نے نوٹس لیتے ہوئے آئی جی گلگت بلتستان ثناءاللہ عباسی سے رپورٹ طلب کی تھی۔ پولیس کے مطابق ضلع دیامیر کے علاقوں چلاس، داریل اور تانگیر میں آپریشن جاری ہے، اس دوران علاقوں کی مکمل ناکہ بندی ہے، داخلی اور خارجی راستوں کو بند کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہےکہ تانگیر میں آپریشن کے دوران پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ ہوئی، دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے جب کہ ایک دہشت گرد کے مارے جانے کی اطلاع ہے۔ پولیس کے مطابق آپریشن کے دوران 17 شرپسندوں کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پ منتقل کردیا گیا ہے۔