اداکارہ شمیم آرا کی آج دوسری برسی منائی جا رہی ہے
ماضی کی مشہور اداکارہ اور ہدایت کارہ شمیم آرا کو مداحوں سے بچھڑے دو سال بیت گئے لیکن ان کی یادیں آج بھی دِلوں میں تازہ ہیں۔شمیم آرا کا شمار ماضی کی مشہور اداکاراؤں میں ہوتا تھا، انہوں نے وحید مراد، محمد علی، سنتوش کمار، درپن اور ندیم جیسے معروف اداکاروں کے ساتھ اداکاری کے جوہر دکھائے۔ 1960 میں شمیم آرا نے فلم سہیلی میں نگار ایوارڈ حاصل کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا۔ انہوں نے 100 سے زیادہ فلموں میں کام کیا۔وحید مراد کے ساتھ ان کی جوڑی کو شائقینِ فلم میں بے حد پذیرائی ملی، شمیم آرا کی چند مقبول فلموں میں ’دیوداس،‘ ’صائقہ،‘ ’لاکھوں میں ایک،‘ ’انارکلی،‘ ’چنگاری،‘ ’فرنگی،‘ اور دوراہا شامل ہیں، فلم ’قیدی‘ میں فیض احمد فیض کی مشہور نظم ’مجھ سے پہلی سی محبت میرے محبوب نہ مانگ‘ انہی پر فلمائی گئی تھی جسے بے حد مقبولیت حاصل ہوئی۔
انہوں نے اداکاری میں 6 نگار ایوارڈ حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ہدایت کاری کے لیے بھی تین نگار ایوارڈ حاصل کیے۔ شمیم آرا کو پاکستان کی پہلی کامیاب خاتون ہدایت کارہ ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے، ان کی فلم منڈا بگڑا جائے کامیاب فلموں میں سے ایک تھی شمیم آرا 5 اگست 2016 میں لندن میں78 برس کی عمر اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملیں لیکن ان کی یادیں آج بھی دِلوں میں تازہ ہیں۔