یوم استحصال:وزیراعظم آج کشمیریوں سےاظہار یکجہتی کیلئے آزادجموں کشمیراسمبلی سے خطاب کریں گے
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان آج آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں ایک ریلی کی قیادت کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نکالی جانے والی ریلی کا استقبال آزاد کشمیر کے صدر اور وزیراعظم کریں گے۔ ریلی میں آزاد کشمیر اسمبلی کے اراکین بھی شریک ہوں گے۔ وزیراعظم عمران خان آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے بھی خطاب کریں گے۔ بھارت نے پانچ اگست 2019 کو جموں و کشمیر کی ریاست کو حاصل خصوصی حیثیت ختم کرکے اسے تحفظ دینے والے آئین کے دو آرٹیکلوں 370 اور 35-اے کا خاتمہ کردیا تھا۔ بھارت میں انتہا پسند جنونی ہندوؤں کی جماعت آر ایس ایس کی پروردہ بی جے پی کے نامزد وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت نے آئین کے دونوں آرٹیکلوں کے خاتمے کے ساتھ ہی وادی چنار کو دو یونین ٹریٹری یعنی جموں کشمیر اور لداخ میں تقسیم کرنے کا اعلان کیا تھا جسے کشمیریوں نے یکسر مسترد کردیا تھا۔ مودی سرکار کے غیر آئینی اقدام کو پاکستان اور او آئی سی سمیت مہذب دنیا نے بھی یکسر مسترد کیا ہے۔ پاکستان نے بھارتی اقدام کا ایک سال پورا ہونے پرآج (پانچ اگست) کے دن کو یوم استحصال کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔