پاکستان اسٹیٹ آئل میں غیر قانونی بھرتیوں کا معاملہ،شاہد خاقان عباسی پر فرد جرم عائد
عدالت نے پاکستان اسٹیٹ آئل(پی ایس او) میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کردی کر دی ہے۔کمرہ عدالت میں ملزمان کا صحت جرم سے انکارکر دیا ہے جس کے بعد ملزمان کے انکار پر تفتیشی افسر اور گواہوں کو نوٹس جاری کر دیئے گئے ہیں۔ احتساب عدالت کراچی نے سماعت 28 اگست تک ملتوی کردی ہے۔مذکورہ کیس میں قومی احتساب بیورو(نیب)نے موقف اختیار کیا کہ شاہد خاقان عباسی نے شیخ عمران الحق کو غیر قانونی طور پر ایم ڈی پی ایس او تعینات کیا۔نیب نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو مبینہ طور پر قواعد و ضوابط کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے شیخ عمران الحق کو پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او)کا منیجنگ ڈائریکٹر تعینات کرنے کے ریفرنس میں نامزد کیا ہے۔نیب کراچی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے ساتھ ساتھ ریفرنس میں نامزد سابق سیکرٹری پیٹرولیم ارشد مرزا کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے ہیں۔