مظفر آباد: وزیراعظم عمراخان کی قیادت میں یوم استحصال کشمیر ریلی
اسلام آباد:مقبوضہ کشمیر میں بھارتی محاصرے کو ایک سال مکمل ہونے مظفر آباد میں یوم استحصال کشمیر ریلی کا انعقاد کیا جس کی قیادت وزیراعظم عمران خان کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے مظفر آباد میں مذاحمتی دیوار کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ ان کے ہمراہ کابینہ اراکین بھی موجود ہیں۔ وزیراعظم اور صدرآزادکشمیر، وزیراطلاعات، چیئرمین کشمیرکمیٹی بھی ہمراہ ہیں۔ آج پاکستان اور دنیا بھر میں یوم استحصال کشمیر منایا جا رہا ہے اور اس موقع پر ملک بھر میں ریلیوں اور سیمینارز کا اہتمام کیا گیا ہے۔ صوبوں میں وزرائے اعلیٰ ریلیوں کی قیادت کریں گے۔ وزیر اعظم عمران خان نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہم نے مودی سرکار کی ہندوتوا فاشسٹ بالادستی کو بے نقاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال 5 اگست کے بعد سے کشمیری وحشیانہ فاشسٹ فوجی محاصرے میں ہیں اور وہاں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت نے غیرقانونی قبضے سے کشمیریوں کی آوازیں دبانے کی کوشش کی۔ تاہم میں تمام کشمیریوں کا سفیر بنا رہوں گا۔انہوں نے کہا کہ کئی سال بعد میری حکومت نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ میں مؤثرانداز میں اٹھایا اور ہم نے مودی سرکار کی ہندوتوا فاشسٹ بالادستی کو بے نقاب کیا۔عمران خان نے کہا کہ ہم نے پاکستان کے نئے سیاسی نقشے میں کشمیریوں کی امنگوں کا خیال رکھا ہے جبکہ نئے سیاسی نقشے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں سے متعلق اپنے عزم پر قائم ہیں۔