کشمیری ماؤں، بہنوں، نوجوانوں اور بچوں پر بھارتی ریاستی جبر و استبداد کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے: فیاض الحسن چوہان
وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے مقبوضہ کشمیر میں فاشسٹ مودی سرکار، انڈین اسٹیبلشمنٹ، بھارتی فوج اور را کے مظالم کے خلاف کشمیری عوام کی جدوجہد کو سلامِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ سال 5 اگست سے اس خطے کے ہٹلر نریندر مودی اور فاشسٹ بی جے پی کشمیری عوام پر ریاستی دہشت گردی کے ذریعے ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری ماؤں، بہنوں، نوجوانوں اور بچوں پر بھارتی ریاستی جبر و استبداد کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور پریس کلب میں یومِ استحصال کشمیر کے حوالے سے ایک تقریب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال پہلے نریندر مودی نے بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 اور 35 اے ختم کر کے کشمیر کے خصوصی سٹیٹس کو ختم کرتے ہوئے بھارتی گھس بیٹھیوں سے وادی کو آلودہ کرنے کی گھناؤنی سازش کی۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ 22 کروڑ پاکستانی عوام اور وفاقی و صوبائی حکومتیں اپنے سیاسی مفادات کو پسِ پشت ڈالتے ہوئے کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر پاکستانی کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت بھرپور انداز میں جاری رکھے ہوئے ہے۔