پاکستان اور کشمیر کے عوام مل کر پانچ اگست کے بھارتی اقدام کو واپس کرائیں گے، فوادچوہدری
اسلام آباد:- وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہاہے کہ قوم کشمیری عوام کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے،کشمیر پر ہم نے چار جنگیں لڑیں، ہم نے اپنا لہو دیا اور ہمارے جوان شہید ہوئے،ہماری معاشی، سیاسی اور خارجہ محاذ پر پالیسیاں کشمیر کے مسئلہ کے ارد گرد بنی ہیں، پاکستان اور کشمیر کے عوام مل کر پانچ اگست کے بھارتی اقدام کو واپس کرائیں گے۔ بدھ کو5 اگست یوم استحصال کشمیر کے موقع پر اپنے ویڈیو پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہاکہ قوم کشمیری عوام کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے، کشمیر پر ہم نے چار جنگیں لڑیں، ہم نے اپنا لہو دیا اور ہمارے جوان شہید ہوئے، ہماری معاشی، سیاسی اور خارجہ محاذ پر پالیسیاں کشمیر کے مسئلہ کے ارد گرد بنی ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ دنیا کی کوئی قوم مسئلہ کشمیر پر اس طرح ڈٹ کر اپنے موقف پر کھڑی نہیں ہوئی جس طرح پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ کشمیر کے لوگوں نے قربانیوں کی نئی تاریخ رقم کی، شدت پسند، انتہاپسند اور نریندر مودی جیسے فاشسٹ ان قربانیوں کو شکست نہیں دے سکتے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور کشمیر کے عوام مل کر پانچ اگست کے بھارتی اقدام کو واپس کرائیں گے۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ کشمیر کی آزادی کی جو لو آج سے ستر برس قبل مقبوضہ کشمیر کے عوام نے جلائی تھی وہ اسی شدت و حدت سے جل رہی ہے۔پاکستان کے لوگ اس چراغ کو روشن کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔