کشمیر پریمیئر لیگ کی افتتاحی تقریب کل مظفرآباد سپورٹس سٹیڈیم نڑول میں ہوگی
آزاد کشمیر کی تاریخ میں پہلی بار کشمیر پریمیئر لیگ کی افتتاحی تقریب کل (جمعہ کے روز) مظفرآباد سپورٹس سٹیڈیم نڑول میں ہوگی ،اس سلسلہ میں تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں، تمام انتظامات کوحتمی شکل دے دی گئی ہے۔نیشنل و انٹرنیشنل کھلاڑیوں کی بڑی تعداد دارالحکومت مظفرآباد پہنچ گئی ،کل میدان سجے گا۔ڈائریکٹر جنرل سپورٹس یوتھ اینڈ کلچر آزادکشمیر خواجہ نعیم بسمل نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ افتتاحی تقریب کل 06 اگست شام چھ بجے نڑول سٹیڈیم مظفرآبادمیں منعقد ہوگی جس میں نیشنل اور انٹرنیشنل کھلاڑی بھی شرکت کریں گے۔ انھوں نے بتایا کہ ایونٹ کا پہلا میچ ڈے اینڈ نائٹ کھیلا جائے گا جس میں راولاکوٹ ہاکس اور میر پور کی ٹیمیں آمنے سامنے ہونگی۔ اس ایونٹ میں کل 20 میچ کھیلے جائیں گے ، آزادکشمیر سے تعلق رکھنے والے 30 کھلاڑی مختلف ٹیموں میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔نڑول سپورٹس سٹیڈیم دلکش اور خوبصورت انداز سے سجا دیا گیا ہے اور تزین و آرائش کا کام آفیسران محکمہ سپورٹس یوتھ اینڈ کلچر نے اپنی نگرانی میں مکمل کروا دیا ہے۔انھوں نے کہا کہ آج یہ سٹیڈیم نیشنل اور انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے کھیل کے لیئے تیار ہوا ہے۔