دریائے ستلج میں ممکنہ سیلابی صورتحال پر الرٹ جاری

Aug 05, 2025 | 18:46

این ڈی ایم اے نے دریائے ستلج میں ممکنہ سیلابی صورت حال کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا۔ ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 33،653 کیوسک ہوگیا، 7 اگست تک بالائی علاقوں میں ستلج، بیاس کے بہاؤ میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق بھارت میں بھاکڑا اور پونگ ڈیم 55 فیصد سے زائد بھر چکے، اخراج سے بہاؤ میں مزید اضافہ متوقع ہے، دریائے ستلج میں رواں ہفتے گنڈا سنگھ کے مقام پر نچلے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔ انتظامیہ کو ہنگامی صورت حال کے لیے فوری رسپانس، نکاسی آب اور ممکنہ انخلا کی تیاری کی ہدایت کی گئی ہے۔ این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ممکنہ سیلابی صورت حال پر حساس علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، تیز بہاؤ کی صورت میں ندی نالوں، پلوں اور ڈوبی سڑکوں سے گزرنے سے گریز کریں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ نشیبی علاقوں سے فوری نکاسی آؓ کے لیے ضروری مشینری اور پمپس تیار رکھیں۔ 

مزیدخبریں