2019ء ورلڈ کپ تک کھیلنا ہدف ہے۔ مشرفی مرتضیٰ
بنگلہ دیشی ون ڈے ٹیم کے کپتان اور آل راﺅنڈر مشرفی مرتضیٰ نے کہا ہے کہ 2019ءورلڈ کپ تک ملک کی نمائندگی ہدف ہے اور مقصد کے حصول کیلئے سرتوڑ کوشش کروں گا۔ مشرفی کرکٹ کے بعد اب سیاسی اننگز شروع کرنے کیلئے تیار ہیں اور وہ رواں ماہ شیڈول عام انتخابات میں حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں آنے کے بعد قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ مشرفی جلد کرکٹ کو خیرباد کہہ سکتے ہیں تاہم آل راﺅنڈر نے کہا کہ اس وقت ان کی تمام تر توجہ 2019ءورلڈ کپ کھیلنے پر مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر انکی فٹنس اور کارکردگی برقرار رہی تو وہ ضرور میگا ایونٹ میں ملک کی نمائندگی کریں گے تاہم اگر وہ ٹیم کے حق میں بہتر ثابت نہ ہو سکے تو پھر شاید وہ قبل ازوقت ریٹائرمنٹ لے لیں۔ انہوں نے کہا کہ 2011ءمیں منعقدہ ورلڈ کپ کے بعد زیادہ تر لوگ سمجھ رہے تھے کہ میرا کیریئر ختم ہو گیا ہے لیکن میں خود کو خوش قسمت سمجھ رہا ہوں کہ اب تک کھیل رہا ہوں۔ ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے ہاتھوں سیمی فائنل میں شکست کے بعد بھی میں اپنے مستقبل کے حوالے سے غیریقینی صورتحال کا شکار ہو گیا تھا لیکن پھر میں نے فیصلہ کیا کہ جب تک فٹ ہوں کھیل جاری رکھوں گا۔