حکومت اپوزیشن کو گندگی گالیاں نکالتی ہے، عمران خان پاکستان کے ٹرمپ ہیں: شاہد خاقان عباسی
سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے وزیر اعظم عمران خان کو پاکستانی ڈونلڈ ٹرمپ قرارد ے دیا، ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ وزراء کو تبدیل کرتا ہے تو یہ بھی تبدیل کرنے کی باتیں کرتے ہیں ۔ مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت اپنی معاشی پالیسیاں درست کرے ورنہ مہنگائی کا سیلاب آئے گا۔ جو حالات ہیں اس سے ملک اور جمہوریت کو شدید خطرات لاحق ہیں. عوام سڑکوں پر آگئے تو حکومت کرنا مشکل ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ 100 دن میں مخالفین بھی بول اٹھے کہ نواز شریف حکومت بہتر تھی۔ پی ٹی آئی حکومت کٹے، بھینسوں اور مرغیوں کی باتیں کررہی ہے، اس سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ راولپنڈی میں مریم اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم صاحب کہتے ہیں کہ مڈٹرم الیکشن ہوجائیں گے، یہ لوگ راہ فرار چاہتے ہیں۔حکومت اپوزیشن کو گندگی گالیاں نکالتی ہے، وزیراعظم کا یہ کہنا غلط ہے کہ فوج پی ٹی آئی کے منشور کے ساتھ ہے، کیونکہ فوج حکومت کے ساتھ ہوتی ہے۔ شہباز شریف کا 60دن کا ریمانڈ اور قتل کے ملزم کا 10 دن کا ریمانڈ ہوتا ہے سانحہ ماڈل ٹاؤن کو سیاست نہ بنایا جائے موجود حکومت اور انکے وزراء جھوٹ سے کام لے رہے ہیں۔سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ آج تک نواز شریف اور شہباز شریف پر کوئی الزامات ثابت نہیں ہوسکے، عدالتوں کے فیصلے تاریخ کا حصہ بن چکے، ہم نے عدالتوں کا احترام کیا،دعا کرتا ہوں کہ وہ وقت نہ آئے کہ لوگوں کا عدالتوں پر اعتماد اٹھ جائے۔