مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پوری قوم متحد ہے:قریشی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پوری قوم متحد ہے اور اس سلسلے میں کمزوری کا کوئی سوال پیدا نہیں ہوتا۔قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کی طرف سے اٹھائے گئے نکات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی موثر اور تیز تر سفارتکاری کی بدولت 1965ء کے بعد مسئلہ کشمیر دوبارہ عالمی سطح پر انتہائی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ شاہ محمودقریشی نے کہا کہ امریکی کانگریس، یورپی پارلیمنٹ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل، اسلامی تعاون تنظیم اور مختلف ملکوں کے پارلیمان میں بھی مسئلہ کشمیر اٹھایا گیا اور اس پر بحث کی گئی۔انہوں نے کہا کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ہیومن رائٹس واچ سمیت انسانی حقوق کی دیگر تنظیموں نے بھی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر پاکستان کے موقف کی حمایت کی ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کے حوالے سے آگاہ کرنے کے لئے تقریباً ستر سربراہان مملکت، حکومتوں اور مختلف ملکوں کے وزرائے خارجہ سے رابطہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ریڈیو کی لہروں کے ذریعے کنٹرول لائن کے پار 120دن سے زائد عرصے سے محصور کشمیریوں تک پاکستان کے عوام کی آواز اور تشویش پہنچانے کی کوشش کی۔