پاک سعودی معاہدہ طے، 2 لاکھ پاکستانی عازمین فریضہ حج ادا کریں گے

جدہ: مکہ مکرمہ میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حج معاہدہ 2020 طے پاگیا۔ تفصیلات کے مطابق مکہ مکرمہ میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حج معاہدہ 2020 طے پاگیا، وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے سعودی ہم منصب ڈاکٹر صالح بن بنتن کے ہمراہ معاہدے پر دستخط کیے۔ ترجمان مذہبی امور کے مطابق آئندہ حج کے موقع پر 2 لاکھ پاکستانی عازمین فریضہ حج ادا کریں گے۔ رپورٹ کے مطابق نور الحق قادری کی سربراہی میں وفد کے سعودی ہم منصب سے مذاکرات ہوئے، وفد نے عازمین کو مزید بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے مطالبات پیش کیے۔ وزیر مذہبی امور نے کہا کہ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں دیگر شہروں کی شمولیت کا مطالبہ کیا گیا، مشاعر میں اضافی سہولیات، کوٹے میں مزید اضافے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق منیٰ، مزدلفہ، عرفات میں شکایات کے ازالے کے لیے پاک سعودی جوائنٹ ورکنگ کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا، 10 رکنی کمیٹی مسائل کے ازالے کے لیے موقع پر احکامات جاری کرے گی۔ سعودی وزیر حج نے کہا کہ کمیٹی مشاعر میں پاکستان کی مرضی کے مطابق کھانا، سفری سہولیات یقینی بنائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ منیٰ میں گنجائش کم ہے تاہم کوٹہ اضافے پر اعلیٰ حکام سے بات کریں گے۔