سردی کی شدت میں اضافہ ہونے والا ہے، محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا

کراچی : موسم کا حال سنانے والوں نے اہلیان کراچی کو مزید سردی کی نوید سنادی، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 15 دسمبر سے سردی میں اضافے کا سلسلہ شروع ہوگا۔ کراچی میں دسمبر کے دوسرے ہفتے میں سردی کی نئی لہر متوقع ہے، تاہم ان دنوں مطلع جزوی ابرآلود اور رات کے وقت موسم سرد رہے گا، آج کم سے کم درجہ حرارت17.5ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ماہرین موسمیات کے مطابق کراچی میں موجودہ درجہ حرارت 20ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ شہر قائد میں درجہ حرارت32سے34ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، اس کے علاوہ شمال مشرقی سمت سے ہوا9کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 15 دسمبر سے سردی میں اضافے کا سلسلہ شروع ہوگا اور 25 سے 26 دسمبر کے دوران سردی کی شدید لہر پاکستان میں داخل ہوگی جس سے درجہ حرارت 1 یا 2 ڈگری یا منفی 1 تا 2 تک گر سکتا ہے جس کے نتیجے میں ملک میں 52 سال کا سردی کا ریکارڈ ٹوٹ سکتا ہے۔