بلین ٹری سونامی منصوبہ، وزیر اعظم کی اہم ہدایت
اسلام آباد: بلین ٹری سونامی منصوبے کے حوالے سے عدالت عظمیٰ کے احکامات پر حکومت متحرک ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے بلین ٹری منصوبے کی مکمل تفصیلات عدالت کو فراہم کرنے کی ہدایت کر دی، اس سلسلے میں وزیر اعظم عمران خان سے معاون خصوصی ملک امین اسلم نے آج مشاورت کی۔ ملاقات میں وزیر اعظم نے بلین ٹری منصوبے کی مکمل تفصیلات عدالت کو فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا اعلیٰ عدالت کو منصوبے کی مکمل تفصیل اور شفافیت سے آگاہ کیا جائے۔ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق تمام صوبوں سے بھی مستند ڈیٹا طلب کر لیا گیا ہے، بلین ٹری منصوبے کی ڈرون فوٹیج اور مستند تصاویر بھی ریکارڈ کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وفاقی حکومت نے سیٹلائٹ امیجز کے لیے اسپارکو سے بھی رابطہ کیا ہے، اسپارکو سے بلین ٹری منصوبے کی سیٹلائٹ امیجز فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔